Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل میں دل دار نہاں تھا مجھے معلوم نہ تھا

باقر آگاہ ویلوری

دل میں دل دار نہاں تھا مجھے معلوم نہ تھا

ادھر ادھر میں دواں تھا مجھے معلوم نہ تھا

سر بسر انفس و آفاق میں ہے اس کا ظہور

پردہ اس رخ کا عیاں تھا مجھے معلوم نہ تھا

سہل سمجھا تھا میں حالاں کہ یہ عشق ظالم

وقف خونین جگراں کا تھا مجھے معلوم نہ تھا

بعد مدت دل گمراہ سے میں نے جو ملا

کہا رو رو کے کہاں تھا مجھے معلوم نہ تھا

مشرب عاشق بے نام و نشاں میں آگاہؔ

لا مکاں عین مکاں تھا مجھے معلوم نہ تھا