Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل مرا لے کے یہ کہتے ہیں کہ مال اچھا ہے

رنج حیدرآبادی

دل مرا لے کے یہ کہتے ہیں کہ مال اچھا ہے

منتیں خوب ہیں اور ان کا خیال اچھا ہے

وہ عیادت کو مری آ کے یہ فرماتے ہیں

شکر صد شکر کہ بیمار کا حال اچھا ہے

میں یہ کہتا ہوں کہ آغاز محبت ہے خراب

وہ یہ کہتے ہیں کہ محبت کا مآل اچھا ہے

ساتھ یوسف کے تجھے مصر میں گر لے جاتے

انگلیاں تیری طرف اٹھتیں یہ مال اچھا ہے

تیری صورت سے میں دوں کیا مہ کامل کو مثال

اس سے سو درجہ ترا حسن و جمال اچھا ہے

دل کو دزدیدہ نگاہوں سے چرا لے جانا

تم میں اتنا ہی مری جان کمال اچھا ہے

وہ عیادت کے لئے غیر کے گھر جاتے ہیں

ہم مرے جاتے ہیں کمبخت کا حال اچھا ہے

ٹوٹ جانے کا نہ کچھ رنج نہ کھو جانے کا

ہم غریبوں کا یہی جام سفال اچھا ہے

اپنی قسمت میں کہاں راحت و آرام نشاط

رنجؔ دنیا میں یہی ہم کو ملال اچھا ہے