Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل مکدر مدام کا نکلا

Dagh Dehlvi (1831–1905)

دل مکدر مدام کا نکلا

کب یہ آئینہ کام کا نکلا

بحث تھی مے کشی میں زاہد سے

عذر ماہ صیام کا نکلا

یہ سنا ہے کہ اب وہ ہرجائی

صبح آتا ہے شام کا نکلا

دل کے ملنے کی پھر امید نہیں

یہ اگر اس کے کام کا نکلا

واہ کیا کیا تری محبت میں

حوصلہ خاص و عام کا نکلا

سچ تو یہ ہے کہ عاشقی میں داغؔ

ایک ہی اپنے نام کا نکلا