Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل میں چمکے ہوئے ہیں داغ بہت

رنج حیدرآبادی

دل میں چمکے ہوئے ہیں داغ بہت

روشن اس گھر میں ہیں چراغ بہت

میں نہ روؤں تو کیا کروں ساقی

بھر کے دیتا نہیں ایاغ بہت

شب کو وعدہ ہے ان کے آنے کا

کیوں نہ روشن کروں چراغ بہت

دل ویراں کو دیکھ کر بولے

گاؤں ہوتے ہیں بے چراغ بہت

غیر کو سر چڑھائیں وہ توبہ

صدقے کر ڈالے ایسے زن بہت

دل پر داغ ہی کی سیر کرو

ہے تمہارے لئے یہ باغ بہت

مجھ سے ملتے ہیں جب یہ کہتے ہیں

آپ کو ہو گیا دماغ بہت

غم سے پائی نجات مرقد میں

مر کے حاصل ہوا فراغ بہت

نقش پا تک ملا نہ ان کا کہیں

چھان مارا ہے کوہ و راغ بہت

کچھ تو فرمائیے جناب رنجؔ

آج ہیں آپ باغ باغ بہت