Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دل کو یکسوئی نے دی ترک تعلق کی صلاح

ساحر دہلوی

دل کو یکسوئی نے دی ترک تعلق کی صلاح

اے امید وصل جاناں کیا ہے اب تیری صلاح

جب جفا جو نے تغافل سے بھی کی قطع نظر

ہو رضائے یار پر شاکر یہ ہے دل کی صلاح

ہوش میں جلوہ دکھانے سے اگر ہے اس کو عار

ہے وداع ہوش کی ہر حال میں اپنی صلاح

نقد جاں دل دار کرتا ہے طلب میں کیا کروں

بندگی بے چارگی پر اب تو ہے میری صلاح

منزل عشق و فنا کرنی ہے طے سر تا بہ سر

شمع کے مانند جل بجھنے کی ہے میری صلاح

صاف کہتا ہے کہ تو نیکی کر اور دریا میں ڈال

دل مرا دیتا ہے مجھ کو آج نیکی کی صلاح

بے تمنائی میں ساحرؔ میں ہوں ہر دم میرے ساتھ

دور کر دل سے تمنا ہے یہ جاناں کی صلاح