Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دم نہ نکلا یار کی نامہربانی دیکھ کر

شیخ علی بخش بیمار

دم نہ نکلا یار کی نامہربانی دیکھ کر

سخت حیراں ہوں میں اپنی سخت جانی دیکھ کر

شام سے تا صبح فرقت صبح سے تا شام ہجر

ہم چلے کیا کیا نہ لطف زندگانی دیکھ کر

یوں تو لاکھوں غمزدہ ہوں گے مگر اے آسماں

جب تجھے جانوں کہ لا دے میرا ثانی دیکھ کر

اب تپ فرقت سے یہ کچھ ضعف طاری ہے کہ آہ

دنگ رہ جاتی ہے ہم کو نا توانی دیکھ کر

واسطے جس کے ہوئے بحر فنا کے آشنا

وہ پسیجا بھی نہ اپنی جاں فشانی دیکھ کر

باز آ بیمارؔ اس کے عشق سے جانے بھی دے

ترس آتا ہے یہ تیری نوجوانی دیکھ کر