Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دنیا دیکھی زمانہ دیکھا

شاہ اکبر داناپوری

دنیا دیکھی زمانہ دیکھا

تجھ کو سب میں یگانہ دیکھا

مے بھی پی مے خانہ دیکھا

ربط خم و پیمانہ دیکھا

سب کچھ دیکھا آنکھ سے اپنی

تجھ کو اگر جانانہ دیکھا

دیکھا تیرا جلوہ مہوش

ناز معشوقانہ دیکھا

کیسی کیسی صورتیں دیکھیں

دل کو آئنہ خانہ دیکھا

گردش چشم ستم گر دیکھی

پلٹا کھاتے زمانہ دیکھا

ساتھی ہم نے تجھ کو پایا

سب مطلب کا زمانہ دیکھا

ہم نے چشم مست کا تیری

اک عالم مستانہ دیکھا

دل کی جلن سے آگ میں کودا

کیوں سوز پروانہ دیکھا

کیا کیا عشق میں سختی جھیلی

اکبرؔ کو مردانہ دیکھا