Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

پھر اس انداز سے بہار آئی

Mirza Ghalib (1797–1869)

پھر اس انداز سے بہار آئی

کہ ہوئے مہر و مہ تماشائی

دیکھو اے ساکنانِ خطّۂ خاک

اس کو کہتے ہیں عالم آرائی

کہ زمیں ہو گئی ہے سر تا سر

رو کشِ سطحِ چرخِ مینائی

سبزے کو جب کہیں جگہ نہ ملی

بن گیا روۓ آب پر کائی

سبزہ و گل کے دیکھنے کے لیے

چشمِ نرگس کو دی ہے بینائی

ہے ہوا میں شراب کی تاثیر

بادہ نوشی ہے باد پیمائی

کیوں نہ دنیا کو ہو خوشی غالب

شاہِ دیں دار* نے شفا پائی