Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

روش اس چال میں تلوار کی ہے

آسی غازی پوری

روش اس چال میں تلوار کی ہے

موت عشاق گنہ گار کی ہے

گل و گلشن سے کبھی جی نہ لگائے

یہ صدا مرغ گرفتار کی ہے

رشک گلشن ہو الٰہی یہ قفس

یہ صدا مرغ گرفتار کی ہے

نکہت گل نہ صبا بھی لائی

یہ صدا مرغ گرفتار کی ہے

آ کے بے پردہ ملیں وہ دم نزع

یہ دعا عاشق بیمار کی ہے

پیش محراب نہ کیوں سجدے ہوں

صورت اس ابروئے خم دار کی ہے

چال وہ چل کہ نہ ہو محشر خیز

یہ روش چرخ جفاکار کی ہے

مجھ کو ہنگامۂ محشر سے غرض

بس تمنا ترے دیدار کی ہے

طلب راہ خدا میں لیکن

پیروی حیدر کرار کی ہے