Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رہ کر مکان میں مرے مہمان جائیے

سردار گینڈا سنگھ مشرقی

رہ کر مکان میں مرے مہمان جائیے

میرا بھی ایک بار کہا مان جائیے

کہتا ہر ایک ہے تری تصویر دیکھ کر

اس شکل اس شبیہ کے قربان جائیے

مجھ کو پلا کے بزم میں کہنے لگے وہ آج

بس جائیے یہاں سے مری جان جائیے

سنبل نے آج نرگس حیراں سے یہ کہا

جب جائیے چمن میں پریشان جائیے

میں نے کہا یہ ان سے جب آئے وہ وقت نزع

ہے آخری سوال مرا مان جائیے

نقش قدم ترا ہے ہر اک غیرت چمن

اے یار تیری چال کے قربان جائیے

اے یار دیکھ زلف معنبر نہ کھول تو

آگے ہی دل ہے اپنا پریشان جائیے

جس سے کبھی تھا تم کو شب و روز اختلاط

یہ ہے وہی تو مشرقیؔ پہچان جائیے