Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رونے سے جو بھڑاس تھی دل کی نکل گئی

آغا شاعر قزلباش

رونے سے جو بھڑاس تھی دل کی نکل گئی

آنسو بہائے چار طبیعت سنبھل گئی

میں نے ترس ترس کے گزاری ہے ساری عمر

میری نہ ہوگی جان جو حسرت نکل گئی

بے چین ہوں میں جب سے نہیں دل لگی کہیں

وہ درد کیا گیا کہ مرے دل کی کل گئی

کہتا ہے چارہ گر کہ نہ پائے گا اندمال

اچھا ہوا کہ زخم کی صورت بدل گئی

اے شمع ہم سے سوز محبت کے ضبط سیکھ

کم بخت ایک رات میں ساری پگھل گئی

شاخ نہال عمر ہماری نہ پھل سکی

یہ تو ہے وہ کلی جو نکلتے ہی جل گئی

دیکھا جو اس نے پیار سے اغیار کی طرف

شاعرؔ قسم خدا کی مری جان جل گئی