Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رہے نہ ایک بھی بیداد گر ستم باقی

بھارتیندو ہریش چندر

رہے نہ ایک بھی بیداد گر ستم باقی

رکے نہ ہاتھ ابھی تک ہے دم میں دم باقی

اٹھا دوئی کا جو پردا ہماری آنکھوں سے

تو کعبے میں بھی رہا بس وہی صنم باقی

بلا لو بالیں پہ حسرت نہ دل میں میرے رہے

ابھی تلک تو ہے تن میں ہمارے دم باقی

لحد پہ آئیں گے اور پھول بھی اٹھائیں گے

یہ رنج ہے کہ نہ اس وقت ہوں گے ہم باقی

یہ چار دن کے تماشے ہیں آہ دنیا کے

رہا جہاں میں سکندر نہ اور نہ جم باقی

تم آؤ تار سے مرقد پہ ہم قدم چومیں

فقط یہی ہے تمنا تری قسم باقی

رساؔ یہ رنج اٹھایا فراق میں تیرے

رہے جہاں میں نہ آخر کو آہ ہم باقی