Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رہنے والوں کو ترے کوچے کے یہ کیا ہو گیا

میر تسکین دہلوی

رہنے والوں کو ترے کوچے کے یہ کیا ہو گیا

میرے آتے ہی یہاں ہنگامہ برپا ہو گیا

تیرا آنا تھا تصور میں تماشا شمع رو

میرے دل پر رات پروانوں کا بلوا ہو گیا

ضبط کرتا ہوں ولے اس پر بھی ہے یہ جوش اشک

گر پڑا جو آنکھ سے قطرہ وہ دریا ہو گیا

اس قدر مانا برا میں نے عدو کا سن کے نام

آخر اس کی ایسی باتوں کا تماشا ہو گیا

کیا غضب ہے التجا پر موت بھی آتی نہیں

تلخ کامی پر ہماری زہر میٹھا ہو گیا

دیکھ یوں خانہ خرابی غیر واں قابض ہوا

جس کے گھر کو ہم یہ سمجھے تھے کہ اپنا ہو گیا