Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رہین بیم ہستی ہے دل دیوانہ برسوں سے

سراج الدین ظفر

رہین بیم ہستی ہے دل دیوانہ برسوں سے

ہوا کی زد میں ہے اپنا چراغ خانہ برسوں سے

خوشا اے جوش حسرت اشک بھر آئے ہیں آنکھوں میں

ترستا تھا چراغاں کو مرا کاشانہ برسوں سے

یہ حسن و عشق افکار ازل کی یادگاریں ہیں

زبان دہر دہراتی ہے یہ افسانہ برسوں سے

جنون عشق کو معراج پر پہنچا دیا ہم نے

ہے اپنے چاک پیراہن میں اک ویرانہ برسوں سے

یہ حسرت ہے جوانی باریاب حسن ہو جائے

ہے آوارہ یہ موج نکہت مستانہ برسوں سے

جھکا دوں عرش و کرسی کو اگر وہ سامنے آئیں

لیے پھرتا ہوں شوق سجدۂ رندانہ برسوں سے

محبت میں ظفرؔ ہے بے خودی بھی شعلہ تابی بھی

مئے دوآتشہ پیتا ہوں میں روزانہ برسوں سے