Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

زلف جاناں پہ طبیعت مری لہرائی ہے

شیر سنگھ ناز دہلوی

زلف جاناں پہ طبیعت مری لہرائی ہے

سانپ کے منہ میں مجھے میری قضا لائی ہے

آج مے خانے پہ گھنگھور گھٹا چھائی ہے

ایک دنیا ہے کہ پینے کو امڈ آئی ہے

زلف شب رنگ کا ہے عکس یہ پیمانے میں

یا پری کوئی یہ شیشے میں اتر آئی ہے

تو بتا ناوک جاناں تری کیا ہے نیت

خنجر یار نے تو سر کی قسم کھائی ہے

حور و غلماں مری آنکھوں میں سمائیں کیوں کر

کس میں تیری سی ادا تیری سی رعنائی ہے

کچھ مداوا نہ ہوا تم سے مریض غم کا

کیا اسی برتے پہ دعوائے مسیحائی ہے

سرخی خون شہیداں کی جھلک ہے اس میں

دست قاتل پہ غضب رنگ حنا لائی ہے