Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سنتے ہی دل ہو گیا اس یار کا اسرار مست

مسکین شاہ

سنتے ہی دل ہو گیا اس یار کا اسرار مست

ہوشیاری کیا کرے جب دل ہو سو سو بار مست

شہرۂ آفاق اس مہ سے یہ ہے مستوں کا حال

پھینکتے ہیں سر سے اپنے خاک پر دستار مست

سر برہنہ بے سر و ساماں جو دل افگار ہیں

بزم مستاں میں وہی مشہور ہیں سردار مست

بے خودی دیوانگی میں اس طرح سرشار ہیں

بھولتے ہیں آپ کو ہو کافر و دیں دار مست

کب انہیں دیر و حرم یاد آئے ہے اے زاہدو

کوئے جاناں میں ہزاروں ہو گئے ہشیار مست

کیفیت دونوں جہاں کی ہے وہاں حاصل تمام

جب نظر آویں کسی جا پر کہیں دو چار مست

حال آ جائے ابھی سب ساکنان چرخ کو

تو بھی ہو جاوے اے مسکیںؔ سن کے یہ اشعار مست