Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ظرف تو دیکھیے میرے دل شیدائی کا

شرف مجددی

ظرف تو دیکھیے میرے دل شیدائی کا

جام مے بن گیا اک مست خود آرائی کا

جی میں آتا ہے کہ پھولوں کی اڑا دوں خوشبو

رنگ اڑا لائے ہیں ظالم تری رعنائی کا

میں ابھی ان کو شناسائے محبت کر دوں

کاش موقع تو ملے ان سے شناسائی کا

بھول جاؤ گے یہاں آ کے تم اپنا عالم

تم نے دیکھا نہیں گوشہ مری تنہائی کا

تم نے کعبہ تو بنایا ہے شرفؔ کے دل کو

حکم اس کعبے میں دو سب کو جبیں سائی کا