Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ظاہر فریب نرگس مستانہ ہو گیا

محمود رامپوری

ظاہر فریب نرگس مستانہ ہو گیا

کچھ ہوشیار اب دل دیوانہ ہو گیا

آنسو بھرے ہیں آنکھ میں اس مست حسن کی

لبریز کس کی عمر کا پیمانہ ہو گیا

اظہار عرض وصل یہ باتیں نہیں وہاں

اک حرف مدعا انہیں افسانہ ہو گیا

پہلے کہاں تھا اس دل بیتاب کا یہ حال

کمبخت اس کو دیکھ کے دیوانہ ہو گیا

ہمدم شریک کوئی برے وقت کا نہیں

جب دل سا دوست عشق میں بیگانہ ہو گیا

عشق بتاں میں خانۂ دل کا رہا یہ حال

کعبہ بنا کبھی کبھی بت خانہ ہو گیا

ہر مے پرست جامۂ کے خسروی میں تھا

لبریز جب شراب سے پیمانہ ہو گیا

کی میں نے عرض وصل تو بولے رقیب سے

کیا ہوشیار شخص تھا دیوانہ ہو گیا

محمودؔ ہے بتوں سے وفا کی تجھے امید

پتھر سمجھ پہ پڑ گئے دیوانہ ہو گیا