Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عاشق دعا کرے تو یہی اک دعا کرے

شاہ اکبر داناپوری

عاشق دعا کرے تو یہی اک دعا کرے

دو دل ملیں تو پھر نہ جدا ہوں خدا کرے

میری طرح تجھے بھی خدا مبتلا کرے

میری نگاہ تیری نظر ہو خدا کرے

دل ہو بتوں کے عشق سے خالی خدا کرے

وہ بے نیاز اب اسے بے مدعا کرے

دل جس کو چاہتا ہو اسی کا گلہ کرے

یہ عشق ہے تو ہم کو نہ آئے خدا کرے

وہ دو دلوں کو ایک کرے یا جدا کرے

سب اس کے ہاتھ میں ہے جو چاہے خدا کرے

ان بے وفا بتوں سے طبیعت اچٹ گئی

اب تو خدا سے اپنی لگے لو خدا کرے

ہم بھی وفا کریں گے ہے جب تک کہ دم میں دم

وہ بھی جفا سے باز نہ آئے خدا کرے

تو میری شکل میں ہو تو میں تیری شکل میں

یوں میرا تیرا وصل ہو اے بت خدا کرے

آنکھیں ملی ہوں رونے ہی کے واسطے جسے

وہ اپنے حال پر جو نہ روئے تو کیا کرے

دیتی نہیں جواب یہ پتھر کی مورتیں

کیا بے زباں بتوں سے کوئی التجا کرے

کہتے ہیں دیکھ کر مجھے اکبرؔ بتان ہند

گمراہ ہے یہ راہ پر آئے خدا کرے