Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شیخ حرم اس بت کا پرستار ہوا ہے

راسخ عظیم آبادی

شیخ حرم اس بت کا پرستار ہوا ہے

بت خانہ نشیں باندھ کے زنار ہوا ہے

ہر حرف پہ دو آنسو ٹپک پڑتے ہیں اے وائے

خط یار کو لکھنا ہمیں دشوار ہوا ہے

کوتہ نہ سمجھ آہ ضعیفان کو یہ تیر

سو بار دل عرش سے بھی پار ہوا ہے

اے صید فگن غم سے ترے دوری کہ میرا

ہر زخم دل اک دیدۂ خوں بار ہوا ہے

ہستی تری پردہ ہے اٹھا دے اسے غافل

کیوں ایسا حجاب رخ دل دار ہوا ہے

آگے ترے تھی گرم سخن ہونے کی حسرت

سو بھرنا دم سرد بھی دشوار ہوا ہے

کر قدر تو راسخؔ کی کہ اس طرح کا آزاد

یوں دام میں آ تیرے گرفتار ہوا ہے