Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شیخ کو کعبے سے جو مقصود ہے

Joshish Azimabadi (d. 1830)

شیخ کو کعبے سے جو مقصود ہے

وہ کنشت دل ہی میں موجود ہے

میرے جلنے کی کسی کو کیا خبر

سوزش دل آتش بے دود ہے

نے حرم سے کام ہے نے دیر سے

خانۂ دل ہی مرا مسجود ہے

فرق مت کر عاشق و معشوق میں

خود ایاز اور آپ ہی محمود ہے

کیا پری کیا حور کیا جن و بشر

سب میں وہ شاید مرا مشہود ہے

مشرب عشاق میں اے زاہدو

اس کا جو مخلوق ہے معبود ہے

سنگ و آہن کو یہ کرتی ہے گداز

آہ ہے یہ نغمۂ داؤد ہے

کس سے اے ؔجوشش کہوں میں درد دل

میرے اس کے بولنا مفقود ہے