Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شہر لگتا ہے بیابان مجھے

یوسف ظفر

شہر لگتا ہے بیابان مجھے

کہیں ملتا نہیں انسان مجھے

میں ترا نقش قدم ہوں اے دوست

اپنے انداز سے پہچان مجھے

میں تجھے جان سمجھ بیٹھا ہوں

اپنے سائے کی طرح جان مجھے

تو کہاں ہے کہ ترے پردے میں

لیے پھرتا ہے ترا دھیان مجھے

تیری خوشبو کو صبا لائی تھی

کر گئی اور پریشان مجھے

سر و سامان دو عالم ہوں میں

کیوں کہو بے سر و سامان مجھے

میری ہستی ترا افسانہ تھی

موت نے دے دیا عنوان مجھے

دل کی دھڑکن پہ گماں ہوتا ہے

ڈھونڈھتا ہے کوئی ہر آن مجھے

میں بھی آئینہ ہوں تیرا لیکن

تو نے دیکھا کبھی حیران مجھے

ان کی نسبت کا کرشمہ ہے ظفرؔ

کہتے ہیں یوسف کنعان مجھے