Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عشق کرتے ہیں تو اہل عشق یوں سودا کریں

احسن مارہروی

عشق کرتے ہیں تو اہل عشق یوں سودا کریں

ہوش کا سرمایہ نذر حسن بے پروا کریں

ہم نہ ہوں لیکن زمانے میں ہمارا نام ہو

ایسی ہستی چاہیئے تو مر کے ہم پیدا کریں

ہے خود آرائی کسی کی شان خودداری کے ساتھ

یعنی ان کو ہم نہ دیکھیں وہ ہمیں دیکھا کریں

درس عرفاں کے لیے ہر ذرہ ہے طور کلیم

دیکھنے والے مگر پہلے نظر پیدا کریں

شیخ کو جنت مبارک، ہم کو دوزخ ہے قبول

فکر عقبیٰ وہ کریں، ہم خدمت دنیا کریں

ایک دل ہے ایک حسرت ایک ہم ہیں ایک تم

اتنے غم کم ہیں جو کوئی اور غم پیدا کریں

احسنؔ رنجور کو دنیا سے کیا ہے واسطہ

آپ نے بیمار ڈالا آپ ہی اچھا کریں