Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عشق میں دوستو مزا بھی ہے

رنج حیدرآبادی

عشق میں دوستو مزا بھی ہے

سخت آفت بھی ہے بلا بھی ہے

بوسہ تو مل چکا مجھے سرکار

میری اک اور التجا بھی ہے

مجھ سا عاشق کہو خدا کی قسم

کوئی دنیا میں دوسرا بھی ہے

وعدہ کر کے بتو نہ ہم سے پھرو

کچھ تو دل میں ڈرو خدا بھی ہے

تیرے اس جور کی ہے کچھ حد بھی

اس ستم کی کچھ انتہا بھی ہے

آج جاتا ہوں اس کے کوچے کو

ساتھ میرے مری قضا بھی ہے

مجھ سے کہتے ہیں اب ترے دل میں

اور کوئی مرے سوا بھی ہے

ایسے معشوق ہوتے ہیں کم یاب

با وفا بھی وہ با حیا بھی ہے

میں نے چھیڑا جو بزم میں تو کہا

بے حیا تجھ کو کچھ حیا بھی ہے

سچ کہو رنجؔ سا کوئی شاعر

حیدرآباد میں ہوا بھی ہے