Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

غضب ہے سرمہ دے کر آج وہ باہر نکلتے ہیں

بھارتیندو ہریش چندر

غضب ہے سرمہ دے کر آج وہ باہر نکلتے ہیں

ابھی سے کچھ دل مضطر پر اپنے تیر چلتے ہیں

ذرا دیکھو تو اے اہل سخن زور صناعت کو

نئی بندش ہے مجنوں نور کے سانچے میں ڈھلتے ہیں

برا ہو عشق کا یہ حال ہے اب تیری فرقت میں

کہ چشم خونچکاں سے لخت دل پیہم نکلتے ہیں

ہلا دیں گے ابھی اے سنگ دل تیرے کلیجے کو

ہماری آہ آتش بار سے پتھر پگھلتے ہیں

ترا ابھرا ہوا سینہ جو ہم کو یاد آتا ہے

تو اے رشک پری پہروں کف افسوس ملتے ہیں

کسی پہلو نہیں چین آتا ہے عشاق کو تیرے

تڑپتے ہیں فغاں کرتے ہیں اور کروٹ بدلتے ہیں

رساؔ حاجت نہیں کچھ روشنی کی کنج مرقد میں

بجائے شمع یاں داغ جگر ہر وقت جلتے ہیں