Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

غیر نے ہم کو ذبح کیا نے طاقت ہے نے یارا ہے

Mir Taqi Mir (1723–1810)

غیر نے ہم کو ذبح کیا نے طاقت ہے نے یارا ہے

اس کتے نے کر کے دلیری صید حرم کو مارا ہے

باغ کو تجھ بن اپنے بھائیں آتش دی ہے بہاراں نے

ہر غنچہ اخگر ہے ہم کو ہر گل ایک انگارا ہے

جب تجھ بن لگتا ہے تڑپنے جائے ہے نکلا ہاتھوں سے

ہے جو گرہ سینے میں اس کو دل کہیے یا پارہ ہے

راہ حدیث جو ٹک بھی نکلے کون سکھائے ہم کو پھر

روئے سخن پر کس کو دے وہ شوخ بڑا عیارہ ہے

کام اس کا ہے خوں افشانی ہر دم تیری فرقت میں

چشم کو میری آ کر دیکھ اب لوہو کا فوارہ ہے

بال کھلے وہ شب کو شاید بستر ناز پہ سوتا تھا

آئی نسیم صبح جو ادھر پھیلا عنبر سارا ہے

کس دن دامن کھینچ کے ان نے یار سے اپنا کام لیا

مدت گزری دیکھتے ہم کو میرؔ بھی اک ناکارہ ہے