Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

غیر کے گھر ہیں وہ مہمان بڑی مشکل ہے

نسیم بھرتپوری

غیر کے گھر ہیں وہ مہمان بڑی مشکل ہے

جان جانے کے ہیں سامان بڑی مشکل ہے

کہتے ہیں آپ ہیں جس بات کے طالب ہم سے

ہے وہی غیر کو ارمان بڑی مشکل ہے

اور پھر کس سے کہوں حال پریشانیٔ دل

تم تو ہوتے ہو پریشان بڑی مشکل ہے

بے ملے کام بھی چلتا نہیں ملنا بھی ضرور

غیر سے جان نہ پہچان بڑی مشکل ہے

اس نے لی جان ہزاروں کی یہ دم دے دے کر

ہم پہ مرنا نہیں آسان بڑی مشکل ہے

وہ اٹھا لیتے ہیں یہ رکھ رکھ کے چھری گردن پر

کام ہوتا نہیں آسان بڑی مشکل ہے

راز دل اس بت بد خو سے کہوں یا نہ کہوں

بات نازک ہے وہ نادان بڑی مشکل ہے

روز کہتے ہو کہ تو کس کے لئے ہے بیتاب

جان کر بنتے ہو انجان بڑی مشکل ہے

دوستی سہل نہیں اس بت بد خو سے نسیمؔ

ضد نہ کر دیکھ مری جان بڑی مشکل ہے