Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

لبالب کر دے اے ساقی ہے خالی میرا پیمانہ

واجد علی شاہ

لبالب کر دے اے ساقی ہے خالی میرا پیمانہ

سلامت دور گردوں تک یہ شیشہ اور یہ مے خانہ

نہ پوچھو نام مجھ وحشت زدہ کا دشت فرقت میں

سڑی سودائی مجنوں مست بے خود زار و دیوانہ

مجھے مشرک نہ سمجھو میں موحد ہوں زمانہ میں

تصاویر خیالی سے بھرا ہے میرا بت خانہ

ہوا مطلع جو مشرک میں تو مغرب میں ہوا مقطع

لئے پھرتے ہیں ہم دوش صبا پر بیت کا خانہ

عروس فکر میری اور دولہے سے نہ ذم ہوگی

فقیری کی ملے گی بو جو جوڑا ہوگا شاہانہ

بھلا لہج و لہجہ ایستادہ کیا بیاں ہوگا

قیامت تک تو سنیے بیٹھ کر الفت کا افسانہ

ضعیفی میں بھی لپٹی ہے بلائے شاعری مجھ سے

نہ چھوٹے گی کبھی اخترؔ قلم سے مشق طفلانہ