Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

لطف ظاہر کر دیا درد نہانی دیکھ کر

محمد علی خاں رشکی

لطف ظاہر کر دیا درد نہانی دیکھ کر

رحم نے پائی ہے قوت ناتوانی دیکھ کر

جو کہ ملتی ہو ہماری سرگزشت عشق سے

قصہ خواں کہنا وہاں ایسی کہانی دیکھ کر

تجھ سے گو ملتے نہیں داغ غم ہجراں تو ہے

شکر ہے جیتے تو ہیں تیری نشانی دیکھ کر

کون ہے خون جگر آشام میں یا مدعی

دیجیو ساقی شراب ارغوانی دیکھ کر

اب بلائے آسمانی بھی بھلی لگنے لگی

آپ کے سر پر دوپٹے آسمانی دیکھ کر

اس رمیدہ وش کو کیا حال دل محزوں لکھوں

جو خفا ہو ربط الفاظ و معانی دیکھ کر

ہے دگر گوں ابتدائے عشق میں رشکیؔ کا حال

رحم آتا ہے مجھے اوس کی جوانی دیکھ کر