Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

فصل گل آئی ہوا اور ہوئی

منشی ٹھاکر پرساد طالب

فصل گل آئی ہوا اور ہوئی

باغ عالم کی فضا اور ہوئی

آنکھ کا ساتھ جو سرمے نے دیا

ذبح مخلوق خدا اور ہوئی

آئنہ توڑنے سے دل ٹوٹا

بندہ پرور یہ خطا اور ہوئی

ہے تپ ہجر ملے شربت وصل

کچھ نہ ہوگا جو دوا اور ہوئی

خاک جب عاشق وحشی کو ملی

تیز رو باد صبا اور ہوئی

نزع میں پوچھنے آئے ہیں وہ حال

جب قضا آئی ادا اور ہوئی

دل کو دیکھا جو گنہ سے تاریک

روح قالب سے خفا اور ہوئی

دست قاتل کو رنگا خوں نے مرے

سرخ رو اس سے حنا اور ہوئی

قتل طالبؔ کو نظر کافی تھی

مستزاد اس پہ حیا اور ہوئی