Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

لٹاؤ جان تو بنتی ہے بات کس نے کہا

اختر انصاری اکبرآبادی

لٹاؤ جان تو بنتی ہے بات کس نے کہا

یہ بزم عشق میں راز حیات کس نے کہا

رہ طلب میں سناتا کوئی ترانۂ نو

یہاں فسانۂ ذات و صفات کس نے کہا

ابھی ثوابت و سیار میں ہے فصل بہت

سمٹ چکی ہے بہت کائنات کس نے کہا

ہر اک چوٹ پہ کھلتی ہے آنکھ انساں کی

ہیں خضر راہ طلب حادثات کس نے کہا

ہم آسماں کو زمیں پر اتار لائے مگر

ابھی نہیں ہے شعور حیات کس نے کہا

ہم اپنی دھن میں ہیں مصروف کس طرف دیکھیں

ہمیں نہیں ہے غم التفات کس نے کہا

ہمیں سکون میسر نہیں مگر اخترؔ

ہمارے دور کو دور نجات کس نے کہا