Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

لیجئے ختم ہوا گردش تقدیر کا رنگ

میرزا الطاف حسین عالم لکھنوی

لیجئے ختم ہوا گردش تقدیر کا رنگ

آئیے دیکھیے مٹتی ہوئی تصویر کا رنگ

ہم نے جھیلی ہیں زمانے میں کشش کی کڑیاں

ہم سے پوچھے کوئی بگڑی ہوئی تقدیر کا رنگ

ذکر تدبیر عبث فکر رہائی بے سود

جب کہ مٹتا نظر آنے لگا تقدیر کا رنگ

ہم بھی آئے ہیں کفن باندھ کے سر سے قاتل

دیکھنا ہے تری چلتی ہوئی شمشیر کا رنگ

کیا بتاؤں میں تمہیں سوز دروں کی حد کو

دن میں سو بار بدل جاتا ہے زنجیر کا رنگ

اف رے وہ زور جوانی کہ الٰہی توبہ

آئنہ توڑ کے نکلا تری تصویر کا رنگ

ہم سمجھتے ہیں زمانے کی روش کو عالمؔ

ہم نے دیکھا ہے بدلتے ہوئے تقدیر کا رنگ