Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مآل جور سمجھے اور نہ انجام وفا سمجھے

منیر بھوپالی

مآل جور سمجھے اور نہ انجام وفا سمجھے

نہ ان کا مدعا جانا نہ اپنا مدعا سمجھے

تم اس مدہوش کو کیوں شاکیٔ جور و وفا سمجھے

جو مصروف دعا رہ کر نہ مقصود دعا سمجھے

زمانہ میں ہزاروں صورتیں ہیں موت آنے کی

ہمیں کیوں کوئی اس کا کشتۂ تیغ ادا سمجھے

وفا کا تذکرہ بھی جرم ہے کیا کیوں بگڑتے ہو

ذرا سوچو تو کیا میں نے کہا اور آپ کیا سمجھے

اگر تو دشت غربت میں مرا ہو ہم سفر ناصح

تو رہزن تو کجا ریگ رواں کو رہنما سمجھے

جہاں میں بے نیازی کی اسے شانیں دکھانا ہیں

وہ کیوں پابند فطرت ہو وہ کیوں اچھا برا سمجھے

کسی کی شوخیٔ برق نظر کا ہے یہ آئینہ

منیرؔ اس اضطراب دل کو میرے کوئی کیا سمجھے