Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مجھ سے دل آپ کا مکدر ہے

شاہ اکبر داناپوری

مجھ سے دل آپ کا مکدر ہے

ایسا جینا مجھے بھی دوبھر ہے

کیا قلم کاریاں ہیں قدرت کی

ایک پتی ہزار دفتر ہے

ہاتھ آئے تو دل میں رکھ لوں میں

کیسا پیارا تمہارا خنجر ہے

اپنی شہ رگ کا خوں پلاؤں اسے

دو مجھے یہ تمہارا خنجر ہے

یہ اسی کے لئے ہوا پیدا

آپ کی تیغ ہے مرا سر ہے

بھولتی ہی نہیں ہے یاد تری

رات بھر ہے یہ شغل دن بھر ہے

اپنی ہی شکل کے وہ عاشق ہیں

بس نظر ان کی آئنے پر ہے

دیکھ کر ان کو جی گیا عاشق

یہ ہے صورت جو روح پرور ہے

ہاتھ خالی اگر ہیں کیا پروا

جان حاضر ہے دل تونگر ہے

مر گیا آج آپ کا عاشق

اب نہ وہ شور ہے نہ وہ شر ہے

شاعری کا مزا گیا اکبرؔ

اب ہجوم آفتوں کا دل پر ہے