Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محتاج نہیں قافلہ آواز درا کا

سید یوسف علی خاں ناظم

محتاج نہیں قافلہ آواز درا کا

سیدھی ہے رہ بت کدہ احسان خدا کا

گر ہے سر دریوزۂ فیض اہل نظر سے

ہو راہ نشیں مرحلۂ فقر فنا کا

خوش نودئی معشوق ہے رنجور ہے عاشق

بے درد ہے وہ خستہ کہ لے نام دوا کا

اس باغ کی نکہت کا ہوں مشتاق کہ ہو جائے

جاتے ہوئے دم بند جہاں باد صبا کا

کوئی نہیں کہتا کہ یہ کس کا ہے کرشمہ

اک شور ہے عیسیٰ کے دم روح فزا کا

جھاڑیں ترے عشاق اسے گرد سمجھ کر

پڑ جائے اگر سر پہ کبھی سایہ ہما کا

تن فرط لطافت سے ہو جب روح مجسم

کیا زور چلے کشمکش بند قبا کا

کب کالبد خاک میں ہو اتنی نزاکت

جو بت ہے وہ پتلا ہے مگر ناز و ادا کا

یوں قتل کرے غمزۂ دلدار کہیں کیا

جوہر نہ کہیں گر مژہ کہ تیغ قضا کا

کیا دانے کی خواہش کہ ہے تاثیر کہ جس سے

ہوتا ہے گزر دام میں مرغان ہوا کا

اسرار حقیقت کا ہو اشعار میں شارح

کیا حوصلہ ہے ناظمؔ آشفتہ نوا کا