Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محتسب نے جو نکالا ہمیں میخانے سے

اشک رامپوری

محتسب نے جو نکالا ہمیں میخانے سے

دور تک آنکھ ملاتے گئے پیمانے سے

آج تو خم ہی لگا دے مرے منہ سے ساقی

میری نیت نہیں بھرتی ترے پیمانے سے

آپ اتنا تو ذرا حضرت ناصح سمجھیں

جو نہ سمجھے اسے کیا فائدہ سمجھانے سے

میں نے چکھی تھی تو ساقی نے کہا جوڑ کے ہاتھ

آپ للہ چلے جائیے میخانے سے

تم ذرا ناصح ناداں کو دکھا دو جلوہ

باز آتا نہیں ظالم مجھے سمجھانے سے

نہ اٹھے جور کسی سے تو وہ رو کر بولے

بے مزہ ہو گئے ہم اشکؔ کے مر جانے سے