Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محبت کی انتہا چاہتا ہوں

باسط بھوپالی

محبت کی انتہا چاہتا ہوں

انہیں حاصل ابتدا چاہتا ہوں

اسے برملا دیکھنا چاہتا ہوں

ادب اے محبت یہ کیا چاہتا ہوں

غم عشق کا سلسلا چاہتا ہوں

میں تجھ تک ترا واسطا چاہتا ہوں

کرم ہائے نا مستقل کا گلہ کیا

ستم ہائے بے انتہا چاہتا ہوں

وہ گھبرا کے جس پر نظر ڈال ہی دیں

میں وہ قلب شورش ادا چاہتا ہوں

کرم کیجیئے تو کرم کا ہوں طالب

سزا دیجئے تو سزا چاہتا ہوں

تری یاد اچھی طرح ذکر پیارا

مگر میں تجھے دیکھنا چاہتا ہوں

ترے عشق ہی سے بنی میری ہستی

ترے عشق ہی میں مٹا چاہتا ہوں

جو تازہ کرے قصۂ طور باسطؔ

میں ایسا ہی اک واقعہ چاہتا ہوں