Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محبت ہے تو پھر اندازۂ شوق وفا کیوں ہو

منیر بھوپالی

محبت ہے تو پھر اندازۂ شوق وفا کیوں ہو

شکایت درد کی کیوں ہو جفاؤں کا گلہ کیوں ہو

کسی کے کان تک پہنچے وہ میری التجا کیوں ہو

بر آنا جس کا ممکن ہو وہ میرا مدعا کیوں ہو

یہ راہ عشق ہے اے دل مآل اندیشیاں کیسی

جنوں ہے دستگیر اپنا کوئی زنجیر پا کیوں ہو

حیات آرزو پروردۂ آغوش طوفاں ہے

جسے ہو فکر ساحل کی وہ میرا ناخدا کیوں ہو

نہ یہ فریاد ہوگی پھر نہ یہ آہیں نہ یہ نالے

دل ناداں محبت میں حقیقت آشنا کیوں ہو

وہ نظریں خاک میں جن کو ملانا بھی نہیں آتا

انہیں نظروں سے وابستہ ہمارا مدعا کیوں ہو

حدود شش جہت سے ماورا جب اس کے جلوے ہیں

تو پرواز محبت تا بہ حد دو سرا کیوں ہو

خدا کے یاد آنے کا بڑا اچھا ذریعہ ہے

شناسائے کرم وہ بانی جور و جفا کیوں ہو

محیط عرش و کرسی جب خدا کا ظل رحمت ہے

منیرؔ اپنی خطا کوشی کی کوئی انتہا کیوں ہو