Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محبت منہ پہ کرنا اور دل میں بے وفائی ہے

میر سوز

محبت منہ پہ کرنا اور دل میں بے وفائی ہے

یہ آئینہ یہاں کہتا ہے کیسی آشنائی ہے

بھلا بوسہ ہم اس سے آج مانگیں گے کسی ڈھب سے

توقع تو نہیں لیکن یہ طالع آزمائی ہے

محبوں کو کریں ہیں قتل دشمن کو جلاتے ہیں

بتوں کی بھی میاں صاحب نرالی ہی خدائی ہے

عجائب رسم ہے ان دلبران دہر کی یا رب

کسی کے ساتھ جا سونا کہیں سائی بدھائی ہے

یہ عاشق اپنے اپنے اشک کو طوفان کہتے ہیں

جو سچ پوچھو تو یہ گنگا ہماری ہی کھدائی ہے

الٰہی کیا بنے گی ساتھ میرے شیخ و واعظ کو

ادھر رندی شرابی ہے ادھر کو پارسائی ہے

نہیں یہ ابر و باراں سوزؔ کے احوال کو سن کر

فلک کی بھی محبت سے یہ اب چھاتی بھر آئی ہے