Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محبت میں اک ایسا بھی مقام آتا ہے مشکل کا

منیر بھوپالی

محبت میں اک ایسا بھی مقام آتا ہے مشکل کا

جہاں خود دل ہی بن جاتا ہے دشمن ہستئ دل کا

نظر کیسی خیالوں سے ہے اونچا سلسلہ دل کا

پتہ خود پوچھتا ہے عشق مجھ سے میری منزل کا

ہر اک کروٹ پہ درد عشق کی تڑپا نہیں جاتا

کہاں تک ساتھ دے گی زندگی بے تابئ دل کا

مری آنکھوں میں موجیں ہیں مری نظروں میں طوفاں ہے

سفینہ میرا پروردہ نہیں آغوش ساحل کا

مری ذوق خلش اک مستقل دنیائے راحت ہے

کہ ہر اک خار پہ ہوتا ہے دھوکا مجھ کو منزل کا

مزے تنہائیوں کے بھی کبھی آتے ہیں محفل میں

کبھی تنہائیاں بھی لطف دے جاتی ہیں محفل کا

پلا ساغر نگاہ مست سے بھی کام لے ساقی

مجھے احساس کچھ ہونے لگا ہے حق و باطل کا

اگر سمجھو تو ہر قطرہ محبت کی کہانی ہے

نہیں یہ اشک اک پیغام ہے ٹوٹے ہوئے دل کا

صدائے شوق نظارہ نہ ساز بے نیازی ہے

بس اک نغمہ فضا میں گونجتا ہے پردۂ دل کا

ترے در پر مجھے یہ فطرت مجبور لائی ہے

نہ جانے آج کس دنیا میں عالم ہے مرے دل کا

غم پنہاں کے پردے میں نشاط کامرانی ہے

زمانہ سے الگ ہٹ کر زمانہ ہے مرے دل کا

جنوں کی عظمتیں مجھ کو منیرؔ آغوش میں لیں گی

طواف اپنی نگاہیں کر رہی ہیں اس کی محفل کا