Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بزم عالم میں بہت سے ہم نے مارے ہاتھ پاؤں

مرزا مسیتابیگ منتہی

بزم عالم میں بہت سے ہم نے مارے ہاتھ پاؤں

تیری صورت کے نہ دیکھے پیارے پیارے ہاتھ پاؤں

بحر الفت میں بہت سے ہم نے مارے ہاتھ پاؤں

لگ رہے مانند خس آخر کنارے ہاتھ پاؤں

عاشق موئے کمر کی لے خبر او بے خبر

سوکھ کر تنکا ہوئے ہیں اس کے سارے ہاتھ پاؤں

میری خدمت سے نہایت خوش ہوا وہ بد مزاج

وصل کی شب کام آئے اپنے بارے ہاتھ پاؤں

بحر ہستی میں ملا ہم کو در مقصد نہ حیف

موج کے مانند کیا کیا ہم نے مارے ہاتھ پاؤں

وقت ذبح بولا یہ قاتل عاشق ناد شاد سے

ٹکڑے کر ڈالا کبھی تو نے جو مارے ہاتھ پاؤں

کھیل رہتا ہے توکل پر مری اوقات کا

چلتے پھرتے ہیں ہمارے بے سہارے ہاتھ پاؤں

تیکھی تیکھی ان کی چتون بانکی بانکی ان کی چال

بھولی بھولی ان کی صورت پیارے پیارے ہاتھ پاؤں