Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

محو فریاد ہو گیا ہے دل

باقر آگاہ ویلوری

محو فریاد ہو گیا ہے دل

آہ برباد ہو گیا ہے دل

سینہ کادی میں اپنے ناخن سے

رشک فرہاد ہو گیا ہے دل

دیکھتے دیکھتے ستم تیرا

سخت ناشاد ہو گیا ہے دل

کرتے ہی کرتے تیرے قد کا خیال

مثل شمشاد ہو گیا ہے دل

ہو کے پابند تیرے کاکل سے

سر سے آزاد ہو گیا ہے دل

الفت اہل بیت سے آگاہؔ

حیدرآباد ہو گیا ہے دل