Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

مل گیا شرع سے شراب کا رنگ

Akbar Allahabadi (1846–1921)

مل گیا شرع سے شراب کا رنگ

خوب بدلا غرض جناب کا رنگ

چل دیئے شیخ صبح سے پہلے

اڑ چلا تھا ذرا خضاب کا رنگ

پائی ہے تم نے چاند سی صورت

آسمانی رہے نقاب کا رنگ

صبح کو آپ ہیں گلاب کا پھول

دوپہر کو ہے آفتاب کا رنگ

لاکھ جانیں نثار ہیں اس پر

دیدنی ہے ترے شباب کا رنگ

ٹکٹکی بندھ گئی ہے بوڑھوں کی

دیدنی ہے ترے شباب کا رنگ

جوش آتا ہے ہوش جاتا ہے

دیدنی ہے ترے شباب کا رنگ

رند عالی مقام ہے اکبرؔ

بو ہے تقویٰ کی اور شراب کا رنگ