Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

میرے دل میں تو ہر زماں ہو تم

میر مہدی مجروح

میرے دل میں تو ہر زماں ہو تم

چشم ظاہر سے کیوں نہاں ہو تم

بے وفائیں کا عیب کیسا ہے

یہ تو سچ ہے کہ میری جاں ہو تم

جب چلو ٹیٹر ہی کی چلتے ہو

میرے حق میں تو آسماں ہو تم

دل و دیں دونوں نذر کرتا ہوں

ایسی چیزوں کے قدرداں ہو تم

دیکھ غمگیں مجھے بگڑتے ہو

پر لے درجے کے بد گماں ہو تم

عرش پیمائی خیال عبث

کون پہنچا وہاں جہاں ہو تم

بات میں دل کو کھینچ لیتے ہو

کس قیامت کے خوش بیاں ہو تم

ہے سوال اور اور جواب ہے اور

سچ کہو اس گھڑی کہاں ہو تم

بچئے اغیار کی نظر نہ لگے

چشم بد دور نوجواں ہو تم

دشمنی ہم کریں تو کس کس سے

ایک عالم پہ مہرباں ہو تم

زلف کے بار سے کمر لچکے

کس قدر نازک اے میاں ہو تم

دیکھنے کی مجال ہے کس کو

مثل خورشید گو عیاں ہو تم

ہے وہی ٹھیک جو کہو مجروحؔ

کیوں نہ ہو صاحب زباں ہو تم