Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

میرے سر میں جو رات چکر تھا

امداد امام اثر

میرے سر میں جو رات چکر تھا

اس کے زانو پہ غیر کا سر تھا

اپنے گھر ان کو کیا بلاتے ہم

بوریا بھی نہیں میسر تھا

ضبط دل پر بھی اس کی محفل میں

اپنا رومال اشک سے تر تھا

جان دینے میں سوچ کیا کرتے

مفلسی پر بھی دل تونگر تھا

خوب و زشت جہاں کا فرق نہ پوچھ

موت جب آئی سب برابر تھا

آپ جب تک نہ لے چکے تھے دل

کچھ مزاج اور بندہ پرور تھا

ہجر لاحق ہوا وصال کے بعد

کیا ہی الٹا مرا مقدر تھا

جور اعدا کی تاب کیا لاتا

دل کم بخت ناز پرور تھا

صحبت حور سے ہوئی نفرت

میں جو تیری ادا کا خوگر تھا

ہے اثرؔ یا نہیں خدا جانے

سنتے ہیں اس کا حال ابتر تھا