Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

میرے ہی دل کے ستانے کو غم آیا سیدھا

Hatim Ali Mehr (1815–1879)

میرے ہی دل کے ستانے کو غم آیا سیدھا

راستہ دیکھ لیا ہے مرے گھر کا سیدھا

ایک صورت کبھی طالع کی نہ دیکھی ہم نے

خط تقدیر لکھا ہے عجب الٹا سیدھا

سیدھی سیدھی ہمیں ہر وقت سنا بیٹھتے ہو

نام سن پایا ہے صاحب نے ہمارا سیدھا

ٹیڑھی بانکے ہوئے اس شوخ کے آگے سیدھے

کیا ہی کج فہم ہے وہ جو اسے سمجھا سیدھا

عشق پیچاں کو کیا ہم نے جو آڑا ترچھا

سرو کو یار نے گلشن میں بنایا سیدھا

خط کے آنے پہ بھی ٹیڑھا ہی رہا وہ ہم سے

خضر نے بھی ہمیں رستہ نہ بتایا سیدھا

مہرؔ واللہ میں قاتل ہوں تری باتوں کا

خوب انداز سخن ہے ترا سیدھا سیدھا