Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

میں تو عاجز ہوں تمہیں پوچھو دل ناکام سے

ناصری لکھنوی

میں تو عاجز ہوں تمہیں پوچھو دل ناکام سے

کیوں تڑپ جاتا ہے سینے میں تمہارے نام سے

سب پئیں ساقی رہیں محروم ہم اک جام سے

ہو گئی برگشتہ قسمت گردش ایام سے

ہجر کی زحمت سے آغاز جوانی میں مرے

تھک گئے تھے ہم کچھ ایسی نیند آئی شام سے

غیر کی تشنیع کا ہم دے نہیں سکتے جواب

خون کی بوندیں ٹپکتی ہیں دل ناکام سے

صرف بیداری ہے اپنی عمر اے سودائے عشق

نیند آئے قبر میں شاید ہمیں آرام سے

جانتے ہیں خوب اس پیماں شکن کو ناصریؔ

دل بہل جاتا ہے لیکن نامہ و پیغام سے