Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

میں کہا بولنا شب غیر سے تھا تم کو کیا

مرزا محمد تقی ہوس

میں کہا بولنا شب غیر سے تھا تم کو کیا

مسکرا کہنے لگا شوق مرا تم کو کیا

جو کہا میں کہ برے طور نکالے تم نے

پھیر کر منہ کو لگا کہنے بھلا تم کو کیا

شکوہ اس بت کے جفا کا جو کیا میں تو کہا

تم تو دنیا میں ہو اک اہل وفا تم کو کیا

درد سر دشمنوں کے ان کے ہوا رات سو میں

جوں ہی گھبرا کے یہ پوچھا تو کہا تم کو کیا

تان کر منہ پہ دوپٹہ بہ دم سرد کہا

تم لگے پوچھنے کیوں حال مرا تم کو کیا

ہر گھڑی تم جو ملامت مجھے کرتے ہو ہوسؔ

آپ میں دام محبت میں پھنسا تم کو کیا