Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

نئی حد بندیاں ہونے کو ہیں آئین گلشن میں

احمق پھپھوندوی

نئی حد بندیاں ہونے کو ہیں آئین گلشن میں

کہو بلبل سے اب انڈے نہ رکھے آشیانے میں

پچہتر لاکھ اک بیکار مد میں صرف کر دیں گے

رعایا کے لئے کوڑی نہیں جن کے خزانے میں

جو ارزاں ہے تو ہے ان کی متاع آبرو ورنہ

ذرا سی چیز بھی بے حد گراں ہے اس زمانے میں

جفا و ظلم نصب العین ہوگا جس حکومت کا

یقیناً خاک ہو جائے گی وہ تھوڑے زمانے میں

وہ اک روٹی جو ہم کو برہمن مشکل سے دیتا ہے

ہزاروں بت ہوا کرتے ہیں اس کے دانے دانے میں