Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

میں کیا کہوں کہ حال ہے کیا ہجر یار میں

نشتر چھپروی

میں کیا کہوں کہ حال ہے کیا ہجر یار میں

دل اختیار میں نہ جگر اختیار میں

دشمن کو دیکھتے ہیں کنکھیوں سے بزم میں

کچھ شوخیاں بھی ہیں نگۂ شرمسار میں

رضواں کو بھی تو ہے تری محفل کی آرزو

میرا ہے کیا حساب میں ہوں کس شمار میں

جانے نہ دوں گا پھر دل ناداں کو ہاتھ سے

آ جائے اب کی گر وہ مرے اختیار میں

ان کا مسل مسل کے مرے دل کو پوچھنا

کیوں درد ہو رہا ہے دل بے قرار میں

سرمہ لگا رہے ہیں وہ میرے غبار کا

مٹ کر سما گیا ہوں غرض چشم یار میں

واعظ کی بہکی باتوں میں آؤں خدا کی شان

میں اور مے سے توبہ کروں اور بہار میں

نشترؔ وہ دن کہاں ہیں وہ راتیں کدھر گئیں

قابو میں تھا وہ شوخ تو دل اختیار میں